ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہندوستان میں بے قابو ہو رہا کورونا، گزشتہ 24 گھنٹے میں 279 افراد کی موت

ہندوستان میں بے قابو ہو رہا کورونا، گزشتہ 24 گھنٹے میں 279 افراد کی موت

Wed, 10 Jun 2020 21:54:09    S.O. News Service

نئی دہلی،10؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل بڑھ رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر کورونا انفیکشن کے تقریباً 10 ہزار نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس طرح روزانہ بڑی تعداد میں کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آنے سے لوگوں میں ایک دہشت کا عالم ہے۔ چونکہ لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی ہے، اس لیے انفیکشن کے معاملے میں اضافہ فکر کا سبب بن رہا ہے۔

مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی فلاح کی طرف سے آج صبح جو کورونا انفیکشن کے تازہ اعداد و شمار پیش کیے گئے اس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں 9985 کیسز سامنے آئے ہیں جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد پونے تین لاکھ سے زائد ہو گئی۔ اس دوران اس وبا کی وجہ سے 279 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع بھی وزارت نے دی۔ ان ہلاکتوں کے بعد کورونا انفیکشن سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 7745 ہو گئی ہے۔

تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 276583 ہو گئی ہے۔ ملک میں فی الوقت کورونا وائرس کے 133632 کیسز ہیں جبکہ 135206 افراد اس وبا سے صحت یاب ہو گئے ہیں ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاستوں کی صورت حال کا جائزہ لینے پر پتہ چلتا ہے کہ ریاست مہاراشٹر ہندوستان میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اس ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2259 نئے کیسز درج کیے گئے اور 120 افراد ہلاک ہو ئے ہیں۔ مہاراشٹر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 90787 ہو گئی ہے اور اس مہلک وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر3289 پہنچ گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1663 افراد اس وبا سے روبہ صحت ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 42638 ہوگئی۔


Share: